محکمہ خوراک گلگت بلتستان کا گندم اور آٹا ڈیلرز کی تصدیق کا اعلان
محکمہ خوراک، حکومت گلگت بلتستان نے موجودہ گندم اور آٹا ڈیلرز کی تصدیق کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تصدیقی عمل ماہ مئی اور جون کے دوران مکمل کیا جائے گا تاکہ گندم اور آٹے کی تقسیم کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور قابل نگرانی بنایا جا سکے۔ محکمہ خوراک کے مطابق صرف تصدیق شدہ ڈیلرز کو نئے ڈیلر سسٹم میں شامل کیا جائے گا اور ان کا ریکارڈ نئے سافٹ ویئر میں منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور گندم و آٹے کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔ ڈیلرز کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس مقررہ علاقے میں مناسب دکان یا آؤٹ لیٹ موجود ہو، واضح ڈیلر سائن بورڈ آویزاں ہو، جبکہ CNIC، موبائل نمبر، دکان کا پتہ، آبادی اور کوٹے کی تفصیلات درست ہوں۔ اس کے علاوہ مناسب اسٹوریج، آسان رسائی، صاف ریکارڈ، اینڈرائیڈ موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ محکمہ خوراک نے مزید بتایا کہ غیر فعال اندراجات، فوت شدہ افراد، مدارس، ڈپو یا علاقے کے ناموں سے متعلق غلطیوں کو بھی تصدیقی عمل کے دوران درست کیا جائے گا۔ جن موجودہ ڈیلرز کے خلاف کوئی شکایت موجود نہیں، وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ مطلوبہ شرائط پوری کرنے والے ڈیلرز کی تقرری ایک سال کے لیے کی جا سکتی ہے۔ تمام متعلقہ گندم اور آٹا ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ضلعی فوڈ آفس سے رابطہ کریں اور مقررہ مدت کے اندر تصدیقی عمل مکمل کریں۔